Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

بریکنگ نیوز

latest

افغان عوام کے لیے کابل ایئرپورٹ کا راستہ مکمل طور پر بند ہے، ذبیح اللہ مجاہد

  ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان عوام کے لیے کابل ایئرپورٹ کا راستہ مکمل طور پر بند ہے، غیرملکی افراد افغانستان چ...

 


ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان عوام کے لیے کابل ایئرپورٹ کا راستہ مکمل طور پر بند ہے، غیرملکی افراد افغانستان چھوڑنا چاہیں تو ممانعت نہیں ہے، کوشش ہے کہ کابل میں ٹریفک کے مسائل پر جلد قابو پا لیاجائے۔

 کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ حالیہ دنوں میں افغانستان میں تشدد یا قتل و غارت کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا، افغانستان گزشتہ 20 سال بے امنی کا شکار رہا، افغانستان 20 سال جنگ وجدل اور اندرونی خانہ جنگی کا شکار رہا۔

 

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ ملک و قوم کی خدمت کرنے والے ادارے فعال ہیں، تمام اسپتال مکمل طور پر فعال ہیں، لوگوں کا علاج ہو رہا ہے، سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کی نشریات مسلسل چل رہی ہیں، لوگ افغانستان میں رہنے کو ترجیح دیں، تمام بینکوں نے آزادی کے ساتھ کام شروع کردیا ہے۔

 ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہوجائے، تمام تعلیمی ادارے بھی کھلے ہیں،طلبہ اسکول جارہے ہیں۔

 

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ کابل سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں طبی عملہ مریضوں کا علاج کر رہا ہے، افغان عوام ملک سے باہر جانے کی بجائے افغانستان میں ہی رہیں اور ملکی ترقی میں ساتھ دیں۔

ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ تمام مسائل کا حل گفت و شنید سے نکالا جاسکے، غیرملکی سفارت کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ افغانستان میں محفوظ ہیں، انہیں کوئی خطرہ نہیں، غیرملکی سفارت کاروں اور سفارتخانوں کی مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، غیرملکی سفارت کاروں سے بھی توقع ہے کہ افغانستان میں اپنی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں گے اور امید ہے تمام ممالک جلد کابل میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول لیں گے۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ امریکا اور دیگر ملکی افواج وعدے کے مطابق مقرر وقت پر افغانستان سے انخلا مکمل کریں، امریکی افواج کی افغانستان سے انخلا کی ڈیڈلائن 31 اگست ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تمام اقوام ایک ہیں ہم نے ملکی ترقی و بہبود کے لیے کام کرنا ہے، امید ہے پنج شیرکا معاملہ بھی بات چیت سے حل ہوجائے گا اور جنگ کی نوبت نہیں آئے گی، افغانستان کی قومی فوج کی تشکیل جلد مکمل ہوگی۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ نوکری پیشہ افغان خواتین سے درخواست ہے کہ جب تک ان کے اداروں پر سیکیورٹی فول پروف نہیں ہوجاتی وہ گھروں پر رہیں، جب افغان طالبان مکمل سیکیورٹی بحال کرلیں گے تو پھرخواتین اپنے اداروں میں آزادانہ جاسکیں گی۔

 ترجمان طالبان نے کہا کہ  تمام افغان شہریوں کے لیے عام معافی کے اعلان پر مکمل کار بند ہیں، افغان عوام نے مسلسل خانہ جنگی سے بہت نقصان اٹھایا ہے اب ہم مکمل امن چاہتے ہیں۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ امریکا کو پھر پیغام دیتے ہیں کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے تمام فوجی افغانستان سے نکال لے،31 اگست تک انخلا مکمل نہ ہونے کی صورت میں امریکا سے متعلق اپنے نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

کوئی تبصرے نہیں