وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے گورنر ہاوس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد...
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے گورنر ہاوس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی سے سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں اوورسیز کمیشن اور ریسکیو 1122 کے فعال بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر اور گورنر پنجاب نے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے آزادکشمیر میں صحت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی۔اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم آزادکشمیر کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا سید علی گیلانی کے انتقال کے معاملے پر شر مناک کردار سامنے آیا ہے۔بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کے جسد خاکی کی بے حرمتی کی، بندوق اور گولی کی طاقت سے بھارت کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جرات کیساتھ اپنی آزاد ی کی جد وجہد میں پرعزم ہیں، انشاء اللہ وہ کامیاب ہونگے۔۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو بھی ریسکیو1122کی سروس کی فراہمی کیلئے پنجاب مکمل سپورٹ کر یگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سفارتی سطح پر دنیا میں تنہا اور بے نقاب ہوچکا ہے ہم کشمیر یوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ نریندر مودی اور بھارتی افواج کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، خطے میں امن کے قیام کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں، افغانستان میں امن بھی بھارت سے برداشت نہیں ہورہا مگروہ ناکام ہوگا۔۔ گورنر پنجاب نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر سردار عبد القیوم نیازی کو مبارکباد بھی دی۔
کوئی تبصرے نہیں