وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی ڈاکٹر سردار محمد حلیم خان کی برسی کے حوالے سے تقریب میں شرکت۔ وزیر حکومت نثار انصر ابدا...
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی ڈاکٹر سردار محمد حلیم خان کی برسی کے حوالے سے تقریب میں شرکت۔ وزیر حکومت نثار انصر ابدالی، سابق امیدوار اسمبلی نئیر ایوب، سابق وزیر اطلاعات عابد حسین عابد سردار ارزش سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔۔ اس موقع پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سردار حلیم انتہائی نفیس اور خوش اخلاق شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن سمجھا، انسان دنیا سے کوچ کر جاتا ہے لیکن اس کا کردار ہمیشہ زندہ رہتا ہے، ڈاکٹر حلیم ریاست کا سرمایہ تھے، بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے، ریاست کیلئے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ڈاکٹر حلیم کے مشن کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، میں وزیراعظم پاکستان کے اعتماد پر پورا اتروں گا، ریاست کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کر رہا ہوں، وزیراعظم عمران خان ہمیں پانچ سو ارب کا پیکج دینے جا رہے ہیں جس سے عوام کی خوشحالی کیلئے میگا پروجیکٹس شروع کریں گے، راولاکوٹ ایک سیاحتی مقام ہے جسے حقیقی معنوں میں ترقی دے کر سیاحت کا حب بنائیں گے، پانی سمیت راولاکوٹ کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ اپنے دورے اقتدار میں تاریخی ترقیاتی کام کروائیں گے، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان وافر فنڈز دینا چاہتے ہیں، وہ فنڈز آزاد کشمیر کے عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے ہیں، جن کو پوری ایمانداری خرچ کریں گے، عمران خان نے خود کو کشمیریوں کو سفیر کہا اور پھر ثابت کیا، آج کشمیری انہیں اپنا محسن سمجھتے ہیں۔۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے دریک گرلز کالج کی عمارت کی تعمیر، گراؤنڈ اور راولاکوٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کو ایک ایمبولینس دینے کا اعلان بھی کیا۔
کوئی تبصرے نہیں